تمام مسائل کا حل سودی اور کرپٹ نظام سے چھٹکارا ہے، ذکر اللہ مجاہد

362
Islamic Revolution

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل سودی اور کرپٹ سیاسی نظام سے چھٹکارا ہے۔بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔ آئی ایم ایف  کے سامنے گھٹنے  ٹیکنے والی حکومت نے غریب  اور سفید پوش سے جینے کا حق چھین لیا۔

ضمنی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کرتے ہوئےمیاں ذکر اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ 100 یونٹ مفت بجلی دینے کے دعویدار حکمران عوام کو مسلسل مہنگی بجلی کے جھٹکے دے رہے ہیں۔ حکمران  طبقے نے اپنی عیاشیوں کیلئے ملک و قوم کو گروی رکھ دیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں مرحلہ وار7.90روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری آئی ایم ایف  کی شرائط  کے مطابق دی گئی  جو شرمناک اور قابل مذمت ہے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موجودہ بائیس جماعتوں کی حکومت ملک و قوم کے بجائے صرف اپنی اور اپنے حواریوں کی ترقی کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔74 سا ل سے مہنگائی، نا انصافی اور ظلم کی چکی میں پسنے والے قوم کے لیے اب صرف امید کی کرن جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک، محب وطن اور باصلاحیت قیادت ہے جو ملک و قوم کے مسائل کو  حل کرنے  کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ قوم اس بار ذاتی مفاد کی سیاست کرنے والے کرپٹ سیاستدانوں، وڈیروں اور جاگیردار کو مسترد کرے اور ضمنی و قومی انتخابات میں اس  قیادت کو منتخب کرے جو ان کے اصل مسائل سمجھتی ہواور کرپشن سے پاک ہو۔