دماغی طور پر مردہ2 افراد میں خنزیر کے دل کا کامیاب ٹرانسپلانٹ

325
heart transplantation

نیویارک: خنزیر کے جینیاتی طور پر تدوین شدہ 2 دل انسانوں میں کامیابی سے ٹرانسپلانٹ کیے گئے ہیں۔ یہ رواں سال کے دوران دوسری بار ہے جب ڈاکٹروں نے اس طرح کے ٹرانسپلانٹ کو کامیابی سے مکمل کیا۔

نیویارک یونیورسٹی کے ماہرین نے 16 جون اور 6 جولائی 2022 کو یہ ٹرانسپلانٹ کیے۔یہ دل 2 ایسے افراد میں لگائے گئے تھے جو پہلے ہی دماغی طور پر مردہ قرار دیے جاچکے تھے۔

ٹرانسپلانٹ کےلئے خنزیر کے دل میں 10 جینیاتی تبدیلیاں کی گئی تھیں، جن میں سے 4 جانور کے جینز کو بلاک کرنے کے لیے تھیں جبکہ 6 انسانی جینز کے اضافے کےلئے کی گئی تھیں تاکہ مریض کا جسم اس دل کو مسترد نہ کرے۔

سرجری کے بعد محققین نے 3 دن تک مریضوں کے دل کے افعال کی مانیٹرنگ کی اور پھر ان آپریشنز کو کامیاب قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق یہ دل صحت مند طریقے سے کام کررہے ہیں اور جسم کے مسترد کرنے کی کوئی نشانیاں سامنے نہیں آئیں۔