کراچی: کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش پھر شروع

509
Chance of rains

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ چند روز سے ہلکی اور موسلادھار کا سلسلہ جاری تھا، تاہم گزشتہ شب کی خاموشی کے بعد بادل آج عید الاضحیٰ کے پہلے روز مختلف علاقوں میں برسنا شروع ہو گئے۔
شہر کے مختلف علاقوں گلشن حدید، ملیر، گلستان جوہر اور گلشن معمار میں ایک مرتبہ پھر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق سندھ میں مون سون کی موسلادھار بارشیں برسانے والا ہوا کا کم دباؤ مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 روز کے دوران کراچی، بدین، ٹھٹھ اور تھرپارکر میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے کے سبب وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔