حجاج کرام کے لیے بڑی خوش خبری کا اعلان

495

سعودی حکام نے حجاج کرام کے لیے اچھی خبر سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اللہ کے مہمان اپنے ممالک واپسی پر زم زم لے جا سکیں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ انتظامیہ نے ہوائی اڈے ے مختلف مخصوص پوائنٹس سے بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے اپنے ممالک واپس جانے والے حجاج کرام کو زم زم پیکیجز کی ترسیل کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق حجاج کرام کو ہوائی اڈے پر مخصوص پوائنٹس سے اپنے ساتھ زم زم کا ایک پیکیج خریدنے کی اجازت ہوگی۔
علاوہ ازیں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ائرپورٹ کی جانب سے مقامی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے حجاج کرام کو مختلف سہولیات اور اصول و ضوابط سے متعلق آگاہی کی مہم جاری ہے، جس کا مقصد حجاج کرام کی ہوائی اڈے آمد سے قبل ان کی مکمل تیاری اور کسی بھی قانونی زحمت سے بچنا ہے، جس میں زم زم، سامان، بیگ یا دستاویزات سے متعلق مکمل معلومات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس رمضان المبارک میں شروع ہونے والے عمرہ سیزن میں کچھ پروازوں پر زم زم لانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس کی وجہ سے عازمین حج و عمرہ تشویش کا شکار تھے اور موجودہ حج سیزن میں بھی یہ صورت حال غیر یقینی تھی کہ شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ سے حکام زم زم لانے کی اجازت دیں گے یا نہیں۔
سعودی انتظامیہ کی جانب سے حاجیوں کے لیے سنائی گئی خوش خبری کے بعد غیر یقینی کی صورت حال ختم ہو گئی اور حجاج میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔