پنجاب اسمبلی: پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

264

لاہور: پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

ن لیگ نے ایڈووکیٹ منصور اعوان کے ذریعے عدالت عالیہ لاہور کے سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ اس سلسلے میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ آئین کی غلط تشریح کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔  درخواست کے مطابق 20 منتخب اور 5 مخصوص نشستوں پر نکالے گئے اراکین کے بعد اسمبلی نامکمل ہے۔

مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن اسمبلی میں موجود سیاسی جماعتوں کی تعداد کی بنیاد پر ہونا آئینی تقاضا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی تعداد مکمل ہوئے بغیر مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور انٹرا کورٹ اپیل کے حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ اور نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

جسٹس شاہد کریم اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف کو 14 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے۔