جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

300

راولپنڈی اسلام آباد جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری کردیا گیا، موسلادھار بارش سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی اور نشیبی علاقوں میں پانی گلیوں میں داخل ہوگیاہے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ستاون ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد کے سیکٹرایچ تیرہ میں تیزبارش سے نالے کی دیواریں ٹوٹ گئیں، بارش شروع ہوتے ہی واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور نالہ لئی میں پانی کے بہا ئوپر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیلڈ میں موجود ہیں،راولپنڈی میں تیز بارش سے لیاقت باغ، کمیٹی چوک اور مریڑچوک پر ٹریفک جام ہوگیا ، پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،ٹریفک جام کے باعث کئی ایمبولینسز پانی میں پھنس گئیں ۔

ایمبولینس مریض کو لے جا رہی تھی، مقامی افراد نے اپنی مددآپ کے تحت ایمبولینس کو پانی سے نکالا،واسا کی ہیوی مشینری نے نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے،بارشوں کے پیش نظرریسکیو راولپنڈی کوالرٹ کردیاگیا اور ریسکیواہلکار نالہ لئی کے اطراف پرتعینات کردیے گئے، ریسکیو اہلکاروں کو کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کیا گیاہے۔