یورپین سول سوسائٹی کی تنظیموں کا اسلاموفوبیا سے نبرد آزما ہونے کا فیصلہ

961

برسلز: یورپین سول سوسائٹی کی 41 تنظیموں نے یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا سے نبرد آزما ہونے اور اس مسئلے کو یورپین اداروں کے ساتھ بامقصد طریقے سے اٹھانے کیلئے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان ان تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم دی کو لیکٹیو فار کاونٹرنگ اسلامو فوبیا ان یورپ (ای سی آر آئی ) نے اپنی ایک پریس ریلیز میں کیا۔ ان تنظیموں نے کہا کہ موجودہ فرنچ ای یو پر یزیڈنسی کے تحت ای یو کونسل نے حالیہ دنوں میں اینٹی سیمیٹزم اور نسل پرستی کے بارے میں نکات طے کئے ہیں، لیکن کونسل اس میں یورپ کے اندر بڑھتے ہوئے اسٹرکچرل اور ادارہ جاتی اسلاموفوبیا کو شامل کرنے اور اسے مخاطب بنانے میں ناکام رہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ان نکات میں روما، افریقی اور ایشیائی افراد کے خلاف نفرت کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ ای سی آر آئی نے اپنے اعلامیے میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اس کی جانب سے نسل پرستی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کو روکنے کیلئے پیش کردہ 60 سفارشات کو بھی ان نکات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ان سفارشات میں اسلاموفوبیا کا بین الاقوامی دن منانے کی تجویز بھی شامل تھی۔

اعلامیے میں ای سی آر آئی نے مطالبہ کیا کہ یورپین یونین میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی روک تھام اور نسل پرست سیاستدانوں کی جانب سے انہیں سیاست کا موضوع بنا کر حملوں سے تدارک کیلئے ایک کوآرڈینیٹر مقرر کیا جائے۔ ساتھ ہی یورپین قیادت سے مزید مطالبہ کیا گیا کہ وہ یورپ میں اسلاموفوبیا کو بڑھنے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔