ہیلتھ انشورنس سے متعلق شکایات کا ازالہ کیاجائے گا، خواجہ سلمان رفیق

286

صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بارے اجلاس منعقدہوا، جس میں پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے مزید اقدامات کا جائزہ لیا۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے افسران نے صوبائی وزیرکو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے پنجاب کے مزیدہسپتالوں کو ام پینل کرنے اور علاج معالجہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مفت علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ہیلتھ انشورنس وزیراعظم شہبازشریف کا برین چائلڈ ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید ہسپتالوں کو تیزی سے ام پینل کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے بون میروٹرانسپلانٹیشن کی سہولت بھی دینا چاہتے ہیں۔

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں رات سے صبح تک ڈاکٹرز کی حاضری اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کی خاطر خود فیلڈ میں نکلنا ہوگا۔ پنجاب میں منتخب شدہ سرکاری و نجی اسپتالوں میں اسٹیٹ لائف کے عملہ کو مریض کے بہترعلاج کو یقینی بنانا ہوگا۔ عوام کی جانب سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے متعلق شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے گا۔

پنجاب کے منتخب شدہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کر کے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مریضوں کے علاج کو مانیٹر کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے پنجاب کے علماء کرام سے مساجد میں خطبات کے ذریعے عوام میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بارے آگاہی پیدا کرنے کی اپیل بھی کی۔