کبھی نہیں سوچا تھا ہمیں کریمنلزہٹا سکیں گے، عمران خان

266

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف سازش کی گئی، کبھی نہیں سوچا تھا ہمیں کریمنلزہٹا سکیں گے، میری لڑائی اربوں روپے کرپشن کرنیوالے دو خاندانوں سے ہے، سیاست میں اسٹیٹس کوا، رپشن کے خاتمے کیلئے آیا، میں ایک طرف ہوں اورسولہ جماعتیں دوسری طرف ہیں، بالکل اندازہ نہیں تھا روس یوکرین تنازع شروع ہونے والا ہے، روسی صدر سے ملاقات سے انکار پر پاکستان کے تعلقات خراب ہوسکتے تھے، افغان عوام خود مختار اور سمجھ دار ہیں، انہیں خود فیصلہ کرنے دیں۔

برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب روس کے دورے پر گیا تو بالکل اندازہ نہیں تھا روس یوکرین تنازع شروع ہونیوالاہے۔ انہوں نے کہاکہ میں اس وقت صرف ایک رات روس میں ٹھہرا تھا اور روسی صدر سے ملاقات سے ایک گھنٹہ پہلے معلوم ہوا کہ تنازع شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے میں روسی صدر سے ملاقات سے انکار کرتا تو پاکستان کے تعلقات خراب ہوسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ماسکو میں بیان دیا تھا کہ دنیا میں کسی بھی مسئلے کا حل ملٹری آپریشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام خود مختار اور سمجھ دار ہیں، افغانستان کے عوام کو خود فیصلہ کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، مجھے لگتا تھا میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف سازش 2 خاندانوں نے کی جنہوں نے 30 سال حکومت میں رہ کر اربوں کی کرپشن کی، ان کی 60 فیصد کابینہ اراکین ضمانت پر ہیں، جن پراربوں کی کرپشن کے کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا ہمیں کریمنلز ہٹا سکیں گے، جنہوں نے یہ پلان کیا اب وہ پریشان ہیں، مجھے واپس نہیں آنے دینا چاہتے، کیونکہ انہوں نے مجھے دوبارہ لانے کیلئے نہیں ہٹایا، اس لئے کہہ رہے ہیں میری جان کوخطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری لڑائی ان دو خاندانوں سے ہے ، جنہوں نے اربوں کی کرپشن کی۔انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں اس لئے آیا کہ فلاحی ریاست قائم کروں تاکہ قانون کی بالادستی ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں اسٹیٹس کو اورکرپشن کے خاتمے کیلئے آیا، میں ایک طرف ہوں اورسولہ جماعتیں دوسری طرف ہیں۔