پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان،100انڈیکس1500پوائنٹس گھٹ گیا

331
Index fell

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری اتار چڑھاﺅ کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا ،کے ایس ای100انڈیکس1500پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھا اور 42800پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا ۔

کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب91ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 71کھرب روپے سے کم ہو کر69کھرب روپے رہ گیا ۔کاروباری مندی کی وجہ سے63.49فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی مانیٹری فنڈ ز کی مطلوبہ شرائط پوری کرنے کیلئے حکومتی اقدامات سے قرض پروگرام کے بحال ہونے کی توقعات ،حکومت کی جانب سے ماہوار درآمدات میں500ملین ڈالر کم کرنے کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوششوں کے آغاز ،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مزید 4فیصد اضافے ،آئی ایم ایف کی قرض پروگرام کونئے بجٹ سے مشروط کرنے اور افراط زر کی شرح 28ماہ کی بلند سطح پرپہنچے جیسے عوامل کی وجہ سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 2دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 216.69پوائنٹس بڑھ گیا تاہم سیاسی اور اقتصادی محاذوں پر غیر یقینی صورتحال، موڈیز کی جانب سے ریٹنگ کو مستحکم سے منفی کرنے، آسمان کو چھوتی مہنگائی، ٹریڑری بلز پر شرح سود میں اضافہ اور آئی ایم ایف میں تاخیر جیسے عوامل اورملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مندی کی بڑی لہر آنے سے 3دنوں میں انڈیکس 1763.26پوائنٹس لوز کر گیا تھا ۔