طالب علم جزلان کے قتل میں ملوث اہم ملزم گرفتار

380

موٹرسائیکل ریسنگ سے روکنے پر طالب علم جزلان کے قتل میں ملوث اہم ملزم انشال کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی سپر ہائی پر نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں موٹرسائیکل ریسنگ سے روکنے پر معمولی جھگڑے میں طالب علم جزلان کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔

گڈاپ پولیس نے قتل میں ملوث اہم ملزم انشال کو گرفتار کرلیا، ملزم انشال کو ملیر چیک پوسٹ نمبر پانچ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کیس میں اب تک باپ بیٹے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان میں مرکزی ملزم عرفان اوراس کا دوست شامل ہیں، ملزم عرفان گھر سے باپ کا اسلحہ لے کر آیا تھا۔

واضح رہے کہ تفتیشی ذرائع نے بتایا تھا کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ جزلان قتل کیس میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تاحال برآمد نہ کیا جاسکا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ قتل سے قبل جھگڑے کا سبب بننے والا ملزم حسنین اور والد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے، قتل کیس سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم حسنین کے والد نے دو اسلحہ لائسنس بنوا رکھے تھے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم محمد فائز نے مبینہ طور پر تیس بور اور نائن ایم ایم پستول کے دو لائسنس بنوارکھے ہیں تاہم فائز تاحال اپنے ہتھیاروں کے لائسنس پیش نہیں کرسکا ہے۔تفتیشی ذرائع نے شبہ ظاہرکیا تھا کہ والد کے لائسنس یافتہ اسلحے سے ہی مفرور ملزم عرفان نے نوجوان جزلان کا قتل کیا اور مرکزی ملزم سمیت تینوں ملزم کراچی سے باہر فرار ہو گئے۔