جزلان قتل کیس، ملزمان کے ملک سے باہر بھاگنے کا انکشاف

326

جزلان قتل کیس میں تفتیشی افسر نے انکشاف کیا کہ مفرورملزمان سے متعلق اطلاع ہے کہ وہ ملک سے باہر بھاگ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی ملیر کورٹ میں جزلان قتل کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے انشال، شریک ملزم حسنین اور مرکزی ملزم کے والد فیض کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے مزید ریمانڈ کی استدعاکی گئی ، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مفرور ملزم انشال کو گزشتہ روز گرفتار کیا ،ملزم سے تفتیشی اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔ تفتیشی افسر نے انکشاف کیا کہ مفرور ملزمان کے حوالے سے اطلاع ہے کہ ملک سے باہر بھاگ گئے ہیں، جس کے بعد عدالت نے گرفتار ملزمان کے ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

گذشتہ روز گڈاپ پولیس نے قتل میں ملوث اہم ملزم انشال کو گرفتار کیا تھا ، ملزم انشال کو ملیر چیک پوسٹ نمبر پانچ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا تھا کہ کیس میں اب تک باپ بیٹے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان میں مرکزی ملزم عرفان اوراس کا دوست شامل ہیں، ملزم عرفان گھر سے باپ کا اسلحہ لے کر آیا تھا۔