بس بہت ہو گیا

495

کسی بھی ملک کی بقاء کی ضامن اس کی فوج ہوتی ہے، اور انٹیلی جنس کا شعبہ فوج میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جس کا کام اندرونی و بیرونی دشمنوں پر کڑی نظر رکھنا ہے، ہماری پیشہ ورانہ فوج اور خفیہ ایجنسی اپنے کام، معیار اور جذبہ ٔ حب الوطنی کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، یہی وجہ ہے کہ دشمن ممالک میں ہماری فوج اور خفیہ ایجنسی کی دھاک بیٹھی ہوئی ہے، اور کسی کو ہماری طرف میلی آنکھ اٹھانے کی جرأت نہیں، فوج کے ایک ایک جوان کے خون میں جذبہ ٔ حب الوطنی سرایت کر چکا ہے، ہماری فوج ایک ایسی فوج ہے جس کے سپاہی دشمن کے سامنے ڈٹ کر سینے پر گولی کھا کر شہادت کا رتبہ حاصل کر نے میں فخر محسوس کرتے ہیں، یہی وہ ایمانی قوت ہے، جو ملک کو استحکام بخشتی ہے، قوم یہ بھی جانتی ہے کہ، فوج کے جوان ملکی دفاع کی خاطر جھلسا دینے والی گرمی اور خون جما دینے والی سردی کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے ہمہ تن مصروف رہتے ہیں، موجودہ دور میں ففتھ جنریشن وارفیئر کے تحت ملک اور بیرون ملک میں مخصوص ٹولے کی جانب سے حکومت، فوج اور عدلیہ کے بارے عوام کے دلوں میں غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں، جس سے ملک میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کہتے ہیں کہ اگر کسی ملک کو توڑنا ہو تو اس کی قوم میں فوج کے خلاف شر انگیزی اور نفرت بھر دو، فوج کو عوام سے دور کر دو، معذرت کے ساتھ! آج یہ سب کچھ سرعام ہو رہا ہے، سوشل میڈیا پر چند عاقبت نااندیش اینکر، ایک جماعت کے آلہ کار، اندرون و بیرون ملک کارندے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت، فوج اور عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی اور دشنام طرازی میں مصروف ہیں، جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں، ایسے عاقبت نااندیشوں کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ اخلاقی گراوٹ کا مظاہرہ کر کے فوج اور عدلیہ سے عوام کو اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کے لیے متنفر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
پاکستان کے محب وطن شہریوں نے ایک مخصوص ٹولے کی طرف سے فوج کے خلاف چلائی گئی گالم گلوچ مہم کو سخت ناپسند کیا ہے، پاکستانی عوام اور فوج اندرونی و بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح یک جان دوقالب ہیں، جو مخصوص ٹولے کے جھوٹے پروپیگنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستانی قوم کا کہنا ہے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے اور افراتفری پھیلانے والو!! ہوش کے ناخن لو، اپنی فوج اور اداروں کے خلاف زہراگلنا بند کرو، افواج پاکستان ہر قسم کی سازشیں ناکام بنانے کا عزم رکھتی ہے، ہم کسی سازش کی کوشش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور ادارے چوکنا ہیں، اور ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں، قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکمرانوں اپیل کرتی ہے کہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے، افواہیں پھیلانے اور ان کواس کام کے لیے ’’اُکسانے‘‘ والوں کو فی الفور قانون کے شکنجے میں لایا جائے، ملک اس وقت نازک معاشی صورت حال سے گزر رہا ہے، جو کسی قسم کی افراتفری اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، افواج بارے ڈنکے کی چوٹ پر عوام کے دلوں میں جو نفرت پھیلائی جارہی ہے، اس سے ملک میں انتشار پیدا ہو سکتا ہے، ملک میں افراتفری پھیل سکتی ہے، یہاں تک کہ سول وار شروع ہو سکتی ہے، اور اس موقع سے دشمن ملک فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کا تدارک نہایت ضروری ہے، ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نبٹنے کا وقت ہو گیا ہے، فوج کے بارے میں نفرت پھیلانے والے جتنی بھی سازشیں کر لیں، وہ عوام کی افواج پاکستان سے محبت کسی بھی طورکم نہیں کر سکتے۔ یہی حقیقت ہے، بس بہت ہو گیا!، enough is enough