عمران خان عدم اعتماد روکنے کیلئے زرداری کے پاؤں میں بیٹھ گئے تھے، مریم صفدر

375

مری:مسلم لیگ (ن)کی  نائب صدر مریم صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان جو کر رہے ہیں وہ فساد ہے جسے روکنا جہاد ہے اور وہ اسٹیبلشمنٹ میں اس نمبر کو ڈھونڈ رہا ہے جو بدل گیا ہے، یہ اتنا نالائق تھا کہ دوست ممالک کو دشمن کی صف میں پھینک دیا۔

مریم صفدر نے کہا کہ  عمران خان دہشتگروں سے بھی زیادہ خطرناک ہیں کیونکہ اس نے سیاسی جماعت کا نقاب اوڑھا ہوا ہے،امریکا کو  للکارنے والا گرفتاری کے ڈر سے خیبر پختونخوا میں چھپ کر بیٹھا ہے، یہ عدم اعتماد روکنے کیلئے زرداری صاحب کے پاؤں میں بیٹھ گیا۔

ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ  عدلیہ سے سے گزارش کرتی ہوں اس کی انتشاری سیاست کا حصہ مت بنیں، سابقہ حکومت نے سوائے انتقام کے کچھ نہیں کیا، 2018 میں ترقی کرتا پاکستان آج ہرشعبے میں تنزلی کا شکارہے۔

مریم صفدر نے کہا کہ  عمران خان آئی ایم ایف سے پٹرول بڑھانے کا معاہدہ کر کے گیا، یہ کہتا ہے اس کے خلاف عالمی سازش ہوئی، عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر گیا، اس سے بڑی سازش کوئی نہیں، عمران خان سٹیٹ بینک کو گروی رکھ کر گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  عمران خان جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھا کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کوکڑوا گھونٹ پینا پڑ رہا ہے، عمران خان کی ترجیحات بہت غلط تھی، عمران خان ایک ملک تو دوسرے ملک کی چغلیاں کرتا تھا، اس نے سعودی عرب جیسے دوست ملک کو بھی ناراض کر دیا۔

ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے لیے لینڈ مائن بچھا کر گیا ہے، چینی دوستوں نے بھی عمران خان حکومت کی شکایات کیں، چین نے کہا شکر کیا ہے شہبازشریف کی حکومت آئی، وزیراعظم ترکی کا دورہ کر رہے ہیں، ترکی نے 2018 میں بہت سارے منصوبے لگائے تھے، ترکی کے منصوبوں کو بری طرح کرش کیا گیا تھا، عمران خان کی حکومت نے لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو بند کر دیا اور ان پر تشدد کیا۔