سندھ حکومت کا صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ

374

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کیلیے متعدد سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخاب کا پہلہ مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں یکم جون کو دی جائے گی۔ درخواست صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتفاق کے بعد جمع کرائیں گے۔ الیکشن کمیشن کو نئی تاریخ کے حوالے سے کی گئی مشاورت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سلیکٹ کمیٹی میں مشاورت سے کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے انتخابات ملتوی کرنے کی سلیکٹ کمیٹی کی سفارشات ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ارسال کردی ہیں، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سفارشات سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔