ملزم نے کے ایم سی دفتر میں گھس کر اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر کو قتل کردیا

240

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوبلی مارکیٹ میں کے ایم سی کے دفتر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول محمد علی ہیڈ کلرک اور انسپکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے عہدے پر فائز تھا۔ واقعہ کی اطلاع پر نبی بخش پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے لاش اسپتال منتقل کردیا،عینی شاہد ین کے مطابق پیرکو ایک موٹر سائیکل پر سوار ماسک لگائے 3 افراد دفترآئے جن میں سے ایک دفتر کے اندر داخل ہوااور علی سے اس کا نام پوچھنے کے بعد اس پر فائرنگ کردی اور اس کی موت کی تصدیق کے بعد موقع سے فرا ر ہوگیا، مقتول کو جسم کے مختلف حصوں پر 7گولیاں لگیں مقتول انسپکٹر پیر کی صبح سٹی کورٹ میں قبضہ مافیا کے خلاف مقدمے میں پیش ہوا تھا، اینٹی انکروچمنٹ نے مقتول انسپکٹر محمد علی کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا ہے کہ محمد علی جھٹ پٹ مارکیٹ میں آپریشن کی سماعت سے واپس آیا تھا، وہ 4 سال پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ تعینات ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کی وجہ سے ہم پر حملے ہوتے رہتے ہیں، یہ پہلا واقعہ ہے کہ دفتر میں فائرنگ کرکے کسی افسر کو قتل کیا گیا، ماضی میں بھی 2 ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہوچکے ہیں۔ بشیر صدیقی نے مزید کہا کہ کے ایم سی آفس کے کسی دفتر میں کوئی سیکورٹی نہیں ہوتی، اینٹی انکروچمنٹ سیل ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 20 سے 25 افراد کا عملہ تعینات ہے۔