مایوس کن کارکردگی پرپاکستانی طلبہ برطانوی ویزا پالیسی سے محروم

401

لندن (صباح نیوز) برطانوی حکام نے دنیا کی بہترین جامعات سے گریجوشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو نئی پالیسی کے تحت ورک ویزا دینے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس اسکیم کے تحت ایسی جامعات کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات برطانیہ کی نیا ورک ویزا حاصل کرسکتے ہیں، جو رواں برس ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز یا (اوپر) سائمنڈز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ یا دی اکیڈمک آف ورلڈ یونیورسٹیز میں سے کسی2 میں ٹاپ 50 کا حصہ بنے ہوں۔ نئی ویزا (ہائی پوٹینشل انڈیویژول) اسکیم کے تحت اپلائی کرنے والوں کو جاب آفر کی بھی ضرورت نہیں ہوگی اور اگر وہ مخصوص ضروریات پر پورا اترے تو وہ طویل المیعاد ویزے کے لیے بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی کوئی یونیورسٹی اس فہرست میں شامل نہیں جس کے طلبا و طالبات کو نئی اسکیم کے تحت ویزا دیا جائے جبکہ اس فہرست میں امریکا کی20 جامعات شامل ہیں اس کے علاوہ کینیڈا، جاپان، جرمنی، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، چین، سنگاپور، فرانس اور سوئیڈن کی جامعات فہرست میں شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نئی ویزا اسکیم کے لیے امیدواروں کا سیکورٹی کرمنل ریکارڈ مثبت ہونا چاہیے جب کہ انہیں انگریزی لکھنے، بولنے، سننے اور پڑھنے میں مہارت حاصل ہو۔