مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنیکا نوٹس

165

لاہور (اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نئے اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر نوٹس، آج الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے پی ٹی آئی کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کو پنجاب اسمبلی کی نشستوں سے ڈی سیٹ کردیا، ان میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے 5 ارکان اسمبلی بھی شامل تھے، درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ وہ مخصوص نشستوں پر نئے ارکان پنجاب اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ الیکشن کمیشن کو اس بارے میں تحریری طور پر بھی آگاہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر نئے ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔