بھارتی ریاست کیرالا کا خزانہ خالی، تنخواہوں اور پنشن کی رقم ختم

473

تروواننتاپورم(انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی ریاست کیرالا بھی سری لنکا کی طرح نادہندہ ہونے کے قریب پہنچ گئی اور ریاست کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے بھی رقم ختم ہو گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالا نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن کی ادائیگی اور حکومتی معاملات چلانے کے لیے مرکزی حکومت سے مدد طلب کر لی ہے۔رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالا نے مرکزی حکومت سے ایک ارب روپے قرض دینے کی استدعا کی ہے ، تاہم بی جے پی کی ہندو انتہا پسند مرکزی حکومت نے تاحال ریاست کیرالا کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق بھارتی قوانین کے تحت کوئی بھی ریاست ہنگامی صورت حال میں حکومتی معاملات چلانے کے لیے مرکز سے 5ارب روپے تک ادھار لے سکتی ہے ،جب کہ کیرالا کی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران پہلی بار ادھار مانگا گیاہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق ریاستی حالات کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ کیرالا کی حکومت بہت جلد 5ارب روپے قرض مانگنے پر مجبور ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ شدید معاشی بحران کے باعث بھارت کے پڑوسی ملک سری لنکا نے حال ہی میں نادہندہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسی طرح کے حالات بھارتی ریاست میں پیدا ہوسکتے ہیں۔