وزیر اعظم آج 3روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچیں گے

229

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف آج سے 2 جون تک ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ترکی کا پہلا دورہ ہو گا۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے 11اپریل کو محمد شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارکباد دینے کے لیے فون کیا۔ پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکی کے دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ وزرا، معاونین خصوصی اور سینئر حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال اور بعدازاں ذرائع ابلاغ سے مشترکہ گفتگو کریں گے۔ صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ پاکستان اور ترکی اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔