کراچی کی فضا بدل رہی ہے،بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع ،حافظ نعیم الرحمٰن

511

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال میں سیاسی افراتفری، انارکی ہے ، اس کے باوجود کراچی کی فضا بدل رہی ہے ،جماعت اسلامی نے طویل عرصے سے حق دو کراچی کو تحریک کے ذریعے سے عوام میں پذیرائی حاصل کی ہے ،’’حقوق کراچی کارواں‘‘ نے اہل کراچی کو یہ ثابت کردیا ہے کہ کراچی کے مسائل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی حل کرسکتی ہے، خواتین ذمے داران وکارکنان 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری ابھی سے شروع کردیں،ووٹر لسٹ کی بنیاد پرگھر گھر جاکر رابطے کریں ،بلاک کوڈ اور محلے کی سطح پر فہرستیں بنائیں ،سوشل میڈیا کا مثبت اور بھرپور استعمال کریں ،جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان ترازو پر ہی انتخابات لڑے گی اور حق دو کراچی کو تحریک جماعت اسلامی ہی کی تحریک ہے ،اگر ہم مستقل مزاجی سے کام کرتے رہے تو ضرور کامیاب ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی ضلع قائدین حلقہ خواتین کی ذمے اداران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسما سفیر ، ناظمہ ضلع قائدین گل رخ مسعود و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جماعت اسلامی سیاست عبادت سمجھ کر کرتی ہے ،اقامت دین کی جدوجہد اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا قیام ہی ہمارا اصل ہدف ہے ۔خواتین ذمے داران و کارکنان اعتماد کے ساتھ نچلی سطح تک جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچائیں ، واٹس ایپ گروپس ، ٹوئٹر اور فیس بک کے ذریعے سے جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کریں،حق دو تحریک کے دائرے کو وسیع کریں ،خواتین ذمے داران و کارکنان محلے کی سطح پر ایسے پروگرامز ترتیب دیں جس میں کراچی کے مسائل کو نمایاں کیا جاسکے اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کراچی میں پانی ، بجلی ،گیس اور ٹرانسپورٹ کے مسائل پر بھرپور مہم چلائی اور جدوجہد کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کراچی کے عوام سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے، اسی لیے ضروری ہے کہ اعتماد کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے خواتین سے رابطے کریں ،اپنے دوست احباب اور رشتے داروں کوحق دو کراچی کو تحریک کے بارے میں بتائیں ۔