ترک وزیر خارجہ کا دورئہ اسرائیل ،ہم منصب سے ملاقات

344
اسرائیلی وزیر خارجہ یائرلیپید اور ان کے تُرک ہم منصب مولود چاوش اولو مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو اسرائیلی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صہیونی ہم منصب یائیر لپید سے ملاقات کی ۔ یہ 15برس کے دوران کسی تُرک عہدے دار کا پہلا دورئہ اسرائیل ہے ۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے کہا کہ انقرہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین مذاکرات میں معاونت کے لیے تیار ہے۔ بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور سفارتی اور اقتصادی تعاون کو بہتر بنانے کی کوششوں پر اتفاق کیاگیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے سفارتی، سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ ایک مشترکہ اقتصادی کمیشن بھی بحال کرنے پر بات چیت ہوئی۔ یائر لیپید نے چاوش اولو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہمارے تعلقات میں کبھی اتار چڑھاو نہیں آئے ، لیکن اب ایک نیا دروازہ کھل رہا ہے۔ چاوش اولو کا کہنا تھا کہ ہم مسجد اقصیٰ کے حوالے سے فکر مند ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے تعلقات کو معمول پر لانے سے فلسطین کے دیرینہ تنازع کے پْرامن حل پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔خبررساں اداروں کے مطابق اپنے دورے کے دوران چاوش اولو نے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطینی قوم کو ترکی جانب سے بھرپور حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔