سینیگال، اسپتال میں آتشزدگی سے 11نومولود جاں بحق

249
سینیگال کے اسپتال میں آتش زدگی کے باعث مرنے والے بچے کی ماںغم سے نڈھال ہے

ڈاکار (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک سینیگال کے اسپتال میں آگ لگنے سے 11 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ سینیگال کے اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں پیش آیا۔ سینیگال کے وزیرصحت کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ وزیرصحت نے آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ہرپہلوسے تفتیش کی جائے گی۔ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں شرکت کے لیے جنیوا میں موجود وزیرصحت نے بچوں کی اموات کے واقعے کے بعد دورہ مختصرکرکے وطن واپس جانے کا اعلان کیا۔ادھر سینیگال کے صدر نے بھی واقعے کو المناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدرردی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل بھی سینیگال میں ایک اور اسپتال میں آگ لگنے سے 4نوزائیدہ بچے مارے گئے تھے۔ دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سینیگال کے ڈائریکٹر سیدی غسامہ نے کہا کہ ان کی تنظیم ملک بھر کے اسپتالوں میں نیونٹولوجی سروسز کے معاینے اور وہاں کے نظام کو جدید بنانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ذمے داروں کا تعین کرکے مجرموں کو سزا دیں۔ اس سلسلے میں ایک آزاد انکوائری کمیشن قائم کیا جانا چاہیے اور واقعے کے کسی ذمے دار کو نہیں چھوڑا جائے، خواہ وہ ملک میں کسی بھی عہدے پر کیوں نہ ہو۔