بنگلادیش : مزید ایک لاکھ روہنگیوں کی منتقلی کا فیصلہ

324
ڈھاکا: بنگلادیش میں روہنگیا مہاجرین کو گزشتہ برس بھاشن چار جزیرے پر منتقل کرنے کی تصویر

ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلہ دیش نے مزید ایک لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو ان کی مرضی کے برخلاف غیرآباد اور سیلاب کے خطرے سے دوچار بھاشن چار جزیرے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے وہاں پناہ گزینوں کی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تقریباً 9لاکھ 20 ہزار بے گھر روہنگیا مسلمان اس وقت بنگلادیش کے مختلف پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں اور ڈھکا حکومت انہیں غیر آباد جزیرے پر بسانے کے لیے سرگرم ہے۔ یاد رہے کہ 2017 ء میں میانمر میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف تشدد اور فوجی کارروائی سے جان بچانے کے لیے یہ لوگ فرار ہو کر بنگلہ دیش پہنچے تھے۔ امریکا میانمر میں مسلم اقلیتوں کے خلاف فوجی کارروائی کو نسل کشی قرار دیتا ہے۔میانمر سے آنے والے افراد کو بنگلادیش میں کاکسس بازار کے مہاجر کیمپوں میں بسایا گیا تھا۔ وہاں بھی مہاجرین کی جانیں محفوظ نہیں تھیں اور ہرسال مون سون کے دوران بارش اور تودے گرنے کے باعث کئی افراد جانوںسے ہاتھ دھوبیٹھتے ہیں۔ مہاجر کیمپوں میں کئی بار آگ بھی لگ چکی ہے۔