عمران خان کا اقتدارسے ہٹنا پاکستانی جمہوریت میں سنگ میل ہے‘ بلاول

271

ڈیووس(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی وزیرخارجہ بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اقتدار سے ہٹنا پاکستان میں جمہوریت کے لیے سنگ میل ہے۔ ڈیووس میںبرطانوی خبرایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول زرداری نے کہا کہ گزشتہ مہینے عمران خان کا اقتدار سے الگ ہونا پاکستانی جمہوریت میں سنگ میل ہے۔ پاکستان میں وزرا اعظم کوغیرجمہوری طریقے سے ہٹانے کی تاریخ ہے۔ بلاول زرداری نے عمران خان کے امریکی مداخلت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جمہوری عمل کے ذریعے ہٹائے جانے کے بعد انتہائی پوزیشن لیتے ہوئے امریکا مخالف جذبات کو ابھارنے کی کوشش کررہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ہر سال منعقد کیے جانے والے روایتی پاکستان بریک فاسٹ میں شرکت کی۔اس موقع پرگفت وشنید کا ایک بھرپور سیشن ہوتاہے جس میں پاکستان کی اقتصادیات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔پاکستان بریک فاسٹ کی میزبانی ایک تھنک ٹینک پاتھ فائنڈرز نے مارٹن ڈا گروپ کے اشتراک سے کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن، وفاقی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ سرکاری اور تاجر برادری کے ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیر خارجہ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ سفارتی یا اقتصادی طور پر بات کرتے ہوئے اپنے قومی مفاد پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ہم جلد ہی وہ دن دیکھیں گے جب پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر لے گا۔