پرانا پاکستان بدترین شکل میں لانا پی ڈی ایم والوں کا ایجنڈا ہے‘فواد چودھری

209

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پرانا پاکستان بدترین شکل میں لانا پی ڈی ایم والوں کا ایجنڈا ہے، اوورسیزپاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا اور نیب کے پر کاٹ دیے گئے،اگر انہیں بااختیاراقتدار ملا تو یہ اپنی روش نہیں بدلیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز کی پارلیمانی کاروائی پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی ترجیحات کی جھلک پیش کرتی ہے، اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا اور اسی سانس میں نیب کے پر کاٹ دیے گئے، اگر ان کو پاکستان میں بااختیاراقتدار ملا تو یہ اپنی روش نہیں بدلیں گے، پرانا پاکستان بدترین شکل میں لانا انکا ایجنڈا ہے۔اسی طرح سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ سیاستدانوں کو مسائل خود حل کرنے چاہییں، کمیٹی بنا دیں لیکن اولین پہلو انتخابات کے شیڈول کا ہو گا، بات چیت ہو سکتی ہے مگر ترجیح انتخابات ہوں گے۔اسد عمر نے الیکشن سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اسمبلی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر کے کوئی کمیٹی بناتے ہیں تو اس سے بات چیت کرسکتے ہیں ، یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت نے مزاکرات والی کمیٹی نہ بنائی ہو جب جب یہ لوگ اسلام آباد آئے ہم نے مذاکراتی کمیٹی بنائی تھی ، ہمیں کہیں سے بھی یقین دہانی نہیں ملی، ہم نے لانگ مارچ حکومت کے عوام کو پولیس اور رینجرز سے لڑوانے کے ناپاک عزائم کو دیکھتے ہوئے ملتوی کیا ہے۔