حمزہ شہبازکوہٹانے کی درخواست پر چیف سیکرٹری سے جواب طلب

941

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر متفرق درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر سے25 مئی کو جواب طلب کرلیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں مذکورہ حوالے سے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ آئین کے آرٹیکل63 اے کی تشریح سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کا اطلاق ماضی سے ہوگا۔ درخواست گزار نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے کے بعد حمزہ شہباز آئینی وزیراعلیٰ نہیں رہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔علاوہ ازیںچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے افسران کے تبادلوں کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیںکہ اس درخواست کو بھی اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کے ساتھ سنا جائے گا۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ درخواست میں آپ کی استدعا کیا ہے؟۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر ٹرانسفر پوسٹنگ کررہے ہیں۔