عمران خان کا 25 مئی کو اسلام آباد مارچ کا اعلان ،فوج سے نیوٹرل رہنے کا مطالبہ

433
پشاور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کررہے ہیں
پشاور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کررہے ہیں

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی خودمختاری کے لیے جتنا وقت بھی اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ہم جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں، فوج کو بھی کہتا ہوں آپ نے خود کہا ہے نیوٹرل ہیں تواب نیوٹرل ہی رہیں۔یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں وزیراعلیٰ محمود خان، سابق وفاقی وزرا پرویز خٹک، علی امین گنڈاپور، سابق گورنر شاہ فرمان، عمران اسماعیل، عاطف خان، اسدعمر اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد آزادی مارچ کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا گیا۔اجلاس کے بعد رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا نے ہماری حکومت گرانے کی سازش کی، یہ سازش میرے خلاف نہیں پورے پاکستان کے خلاف کی گئی ہے، ہم نے پوری کوشش کی تھی کہ سازش کامیاب نہ ہو لیکن بدقسمتی سے ہم اس سازش کو نہیں روک سکے۔ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں ہمیں ملک دیوالیہ حالت میں ملا، ہماری حکومت اس وقت گرائی گئی جب ملک ترقی کی راہ پر لگ چکا تھا، 8 ماہ قبل حکومت تبدیلی کے لیے امریکا نے کرپٹ ترین لوگوں کو اپنے ساتھ ملایا، نئی حکومت کے لوگوں کا تجربہ صرف کرپشن کرنے، مقدمات ختم کرنے اور انتقام لینے میں ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے اور نہ فیصلہ کرنے کی قوت۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وزیر خارجہ اور عسکری قیادت کی مشاورت سے روس کا دورہ کرنے گیا تھا، ہم نے روس سے30 فیصد سستے پیٹرول کے لیے بات کرلی تھی جب کہ اس حکومت کی جرات نہیں ہے کہ وہ سستا تیل یا گندم حاصل کرلے، موجودہ حکومت سلامتی کمیٹی سے کہہ رہی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کریں، یہ سارا بوجھ فوج پر ڈالنا چاہتے ہیں۔عمران خان کے بقول پوری قوم، اساتذہ، نوجوان، مزدور،کسان، طلبہ، وکلا سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ظلم اور غلامی کے خلاف آگے آئیں اور مارچ میں شامل ہوں، اس سے زیادہ خودداری کا جنازہ کیا نکلے گا کہ باہر سے حکومت گرادی جائے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں، تیسری کوئی بات ہمیں قبول نہیں،25 مئی کو دوپہر 3بجے سری نگر ہائی وے پر ملوں گا اور مارچ کا آغاز کروں گا، پوری قوم بالخصوص نوجوان مارچ میں شامل ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مارچ پرامن ہوگا، اگر کارروائی کی گئی تو یہ غیر قانونی ہوگا ہم اس کے خلاف ایکشن لیں گے، مجھے بتایا گیا ہے کہ 2دن قبل انٹرنیٹ بند ہوجائے گا، پیٹرول ، ڈیزل اور ٹرانسپورٹ بند ہوگی، کارکن تیاری کرلیں، کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے،یہ سیاست نہیں جہاد ہے، پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، غلام بننے سے بہتر موت قبول ہے،با ربار کہا جاتا ہے میری جان کو خطرہ ہے، کوئی خطرہ نہیں۔