امریکا اور یورپ میں ’’منکی پوکس‘‘ کے 6کیس سامنے آگئے

192

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا اور یورپ میں ’منکی پوکس‘ کے 6کیس سامنے آگئے ۔ خبررساں اداروں کے مطابق پرتگال میں طبی حکام نے 15 مشتبہ کیسوں کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس سے قبل برطانیہ میں 7کیسوں کی تصدیق کی گئی تھی۔ اسپین میں بھی 23 کیسوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بیماری یورپ کے لیے غیر معمولی ہے۔ عام پر طور یہ مرض افریقا میں لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ منکی پوکس سمال پوکس سے ملتی جلتی بیماری ہے لیکن اس کی شدت سمال پوکس سے کم ہوتی ہے۔ زیادہ تر افراد چند ہفتوں میں صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری متاثرہ افراد یا متاثرہ جانوروں سے قریبی رابطے سے لگ سکتی ہے۔ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میسا چوسٹس میں منکی پوکس وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیاہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منکی پوکس کا شکار ہونے والے شخص نے حالیہ دنوں میں کینیڈا کا سفرکیا تھا،تاہم اس سے فی الحال عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔