سودی نظام کیخلاف عدالتی فیصلے پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے

199

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ قوم سود پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل پر جانے والے ہر بینک کا بائیکاٹ کرے ۔وفاقی شرعی عدالت کا سود کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام رائج کرنے کے حوالے سے فیصلہ تازہ ہوا کاجھونکا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جانا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ناراضگی کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کو پاکستان کی طاقت بنایا جائے۔ حکمران اللہ اور اس رسولؐ کے ساتھ سود کی شکل میں جاری جنگ ختم کریں ورنہ حکمرانوں کے خلاف بھی جنگ ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ سودی کاروبار سے رحمتیں نہیں بلکہ مصیبتیں نازل ہوتی ہیں۔ سود کی لعنت نے ملک اور ہماری نسلیں تباہ کر دی ہے۔ ہمارے پاس زکوۃ اور عشر کا بہترین نظام موجود ہے۔اس وقت ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اگر ہم زکوٰ ۃ کا نظام شروع کر دیں تو یہ تعداد کروڑوں تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چند سالوں میں قرض کی مد میں چوبیس ارب ڈالر سودادا کیا۔سودی قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ ملک میں ہر پیدا ہونے والا بچہ لاکھ اسی ہزار کا مقروض ہوتا ہے۔خود اعتمادی، خود داری، قومی وسائل کی دیانت دارانہ تقسیم جیسے مسائل کا واحد حل اسلام کا معاشی نظام ہے۔ حکومت ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے مطابق اسلام کے مکمل نظام کی جانب لوٹ آئیں۔