اولمپئن حنیف خان سرسیدیونیورسٹی کے اسپورٹس کنسلٹنٹ مقرر

220

کراچی، (اسٹاف رپورٹر) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے کھیلوں کے فروغ اور طلباء کی تربیت کے لیے معروف اولمپئن حنیف خان کو اسپورٹس کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔ پاکستان قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء میں مبشر مختار، احمد عالم، ڈاکٹر ماجد، ناصر علی، پرویز اقبال اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ میں ایک عملی انسان ہوں جو زبانی باتوں پر یقین نہیں رکھتا۔ اس وقت میرے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے مگر مستقبل میں میرا کام ہی میری شاندار کارکردگی کا ثبوت ہوگا۔ یہ میری خواہش ہے کہ میں ایسے کھلاڑی تیار کروں جو پاکستان کے کام آئیں۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ سیاست نے جہاں اداروں کو متاثر کیا ہے وہاں کھیلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کھیلوں کا معیار بہتر ہو اور ہم بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کر سکیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ حنیف خان کے ساتھ ہمارا اشتراک نہ صرف اچھے کھلاڑی بلکہ اچھے انسان تیار کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹآف ٹیکنالوجی کے کنوینئر انجینئر محمد ارشد خان نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں مشغول رکھتے ہیں۔