امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے

199

 

دبئی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر پاکستان میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن کے مطابق یو اے ای کے صدر کے انتقال پر 13 سے 15 مئی تک پاکستان میں قومی سوگ منایا جائے گا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،عمران خان ،آصف زرداری سمیت متعدد رہنمائوں نے یو اے ای کے صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان گزشتہ روز انتقال کرگئے۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ خلیفہ بن زایدالنہیان کے انتقال پر40 روز کے سوگ کے ساتھ 3روز کی عام تعطیل بھی ہوگی جب کہ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔