قومی خزانے کو ذاتی سیر سپاٹوں پر برباد نہ کیا جائے ، جاوید قصوری

331

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف وزیروں، مشیروں کی فوج کے ہمراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن جانے کے بجائے انہیں پاکستان ہی بلالیتے، اس طرح قانون پر عمل درآمد بھی ہوجاتا اور ان سے ملاقات کی خواہش بھی پوری ہوجاتی۔ قومی خزانے کو ذاتی سیر سپاٹوں پر برباد نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رور منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ مسلم لیگ ن نے حالات سے سبق حاصل نہیں کیا۔ آج بھی ان لوگوں کا وہی طرز حکمرانی ہے جس کی پاداش میں پاکستان کے عوام نے 2018ء میں ان کو مسترد کیا تھا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان لوگوں نے قومی خزانہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے اورخود کو نہ سدھرانے کی قسم کھا رکھی ہے۔ قوم کی بد قسمتی ہے کہ اس کی قسمت کے فیصلے کبھی امریکا میں ہوتے ہیں اور کبھی برطانیہ اور دبئی میں۔ ایسے چہروں اور مصنوعی قیادت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کرنا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آصف زرداری، نواز شریف اور اب عمران خان تینوں پارٹیوں کی لیڈر شپ بے نقاب ہوگئی ہے۔ پاکستان کو مصنوعی نعروں اور جھوٹے دعوؤں کی نہیں بلکہ محب وطن قیادت کی ضرورت ہے۔ جو کہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کرسکتی ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے۔