دینی قوتوں کا مقصد ملک میں قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ہے

105

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیر مولانا ریاض احمدسعدی نے جامع مسجدسعدی سرگودھا روڈ پرجمعہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی قوتوں کا سب سے بڑا مقصد اقامت دین اور اس کے ذریعے ملک میں قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ہے۔ ہماری منزل اسلامی انقلاب ہے۔ تمام علما کرام کو اتحاد امت اور مل کر یکسوئی کے ساتھ اسلامی انقلاب کی طرف پیش قدمی کرنے کی ضرورت ہے۔ مہنگائی،بیروزگاری کرپشن سمیت ہمارے تمام مسائل کاواحد حل ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی ذاتی اصلاح کے ساتھ منبر ومحراب کے پلیٹ فارم سے لوگوں کو اقامت دین کی جدو جہد کے لیے تیارکریں۔ یوم فتح مکہ کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فتح مکہ 20 رمضان المبارک 8 ھ تاریخ نبوت کا نہایت ہی عظیم الشان عنوان ہے۔فتح مکہ عالمی امن کے پیغام کی وہ نظیر پیش کرتی ہے جو آج بھی انسانوں کو حقیقی امن کی ضمانت دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دین سے وابستہ افراد بالخصوص اس کی اشاعت و تحفظ کی کوشش کرنے والوں کے لیے فتح مکہ کے واقعے سے ایک طرف تو یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام پر عمل کرنے اور اس کے لیے سختیاں برداشت کرنے والوں کو اللہ رب العزت ضرور سرخرو فرماتے ہیں دوسری طرف اس بات کا ادراک بھی ہوتا ہے کہ ذاتی رنجشیں، قومی، علاقائی اور خاندانی دشمنیاں یہاں تک کہ اپنے جان و مال کے دشمنوں کو اللہ اور اس کے دین کے لیے معاف کرنا اسوہ پیغمبری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہجرت مدینہ، اسلام کی سربلندی اور فتح مکہ یہ وہ اسلامی واقعات ہیں جو رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں کہ مسلمان ہر حال میں اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے کمر بستہ رہیں۔فی زمانہ مسلمانوں کو سچی رہبری اور حکمت کے ساتھ دعوت دین کے فریضے کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔ریاض احمد سعدی نے کہا کہ آج بھی یوم فتح مکہ ہمیں یہ درس دے رہا ہے کہ بہادری یہ نہیں کہ ہم صرف کمزور رہتے ہوئے ہی دوسروں کو معاف کریں بلکہ بہادری تو یہ ہے کہ ہم اقتدار و طاقت رکھتے ہوئے بھی درگزر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔