قبلہ اول کی عزت و حرمت کی حفاظت ہر مسلمان کا فریضہ ہے،ذکراللہ مجاہد

205

لاہور(وقائع نگار خصوصی )قبلہ اؤل مسجد اقصی میں اسرائیلی فورسز کے قتل و غارت گری کیخلاف جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر یکجہتی فلسطین مارچ کیا گیا۔ فلسطین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق نے کی۔ مارچ میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بھی خصوصی وشرکت کی۔ مارچ میں نائب امرا امیر جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود الاحد، ملک شاہد اسلم،امرا علاقہ جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، ڈاکٹر محمود احمد، عبدالعزیز عابد، سیف الرحمن، مرزا شعیب یعقوب اور فلسطین مارچ میں سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اورفلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے شرکا مارچ فلسطینی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی عزت و حرمت کی حفاظت ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کامسجد اقصی پر حملہ کھلی دہشتگردی ہے۔مسجد اقصی مسلمانوں کا قبلہ اول اور خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے بعد تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ قبلہ اول کے مقام سے ہی آپ سرکار ﷺ نے معراج کے سفر کا آغاز کیا۔ مسجد اقصی حقیقت میں مسلمانوں کی میراث ہے جو تاریخی اور مذہبی حقائق سے ثابت ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے مزید کہا کہ فجر کے وقت مسجد اقصی میں نہتے نمازی پر آنسو گیس، شیلنگ کے ذریعے ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ۔ اسرائیلی فورسز کے حملے میں 100 سے زائد نمازی زخمی اور کچھ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینے کے بجائے ظالم اسرائیل کا ساتھ دے کر ظلم کی ایک داستان رقم کررہا ہے۔ مسلم لیگ، پپیلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کسی حکمران نیابھی تک فلسطین میں گزشتہ 20 دن سے جاری ظلم و بربریت کیخلاف ایک لفظ تک نہیں بولا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔اقتدار سے نکالے جانے پر جلسوں میں خان صاحب کا امریکا کے خلاف کھڑے ہونے کا بیانہ جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔اگرعمران خان واقعی امریکہ کیخلاف ڈٹ کرکھڑا ہوتا تو قبلہ اول کی آزادی پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اپنے جلسوں میں قوم کا آگاہ کرتا اور مذمت کرتا۔ امریکہ اس وقت یہودیوں اور اسرائیلوں کی بھر پور سرپرستی کررہا ہے جبکہ کپتان نے امریکہ کے خلاف اپنی زبان کو بڑا تالا لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسجد اقصی اور کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بجائے مجرمانہ طور پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ حکومت پاکستان سمیت مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔ جماعت اسلامی فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر کسی بھی قسم کے ظلم کیخلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ جماعت اسلامی فلسطین کی آزادی تک مالی اورسفارتی مدد جاری رکھے گی۔