نہتے فلسطینیوں کو شہید کرنا ظلم کی انتہا ہے،جاوید قصوری

267
لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ نہتے اور معصوم فلسطینی نمازیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر کے ان کو شہید کرناظلم و زیادتی کی انتہا ہے۔اس ساری صورتحال پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے۔ اسرائیلی دہشت گردی اور نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر 22 اپریل بروز جمعۃ المبارک لاہور سمیت پورے ملک میں یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان 22اپریل کو اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر باہر نکلیں اور پوری دنیا کو بتادیں کہ ہم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اسرائیلی صہیونی دہشت گردی دراصل عالم اسلام پر حملہ ہے۔ جس کا دفاع کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی میں دہشت گردی کررہا ہے۔ کفار کی ان سازشوں کے خلاف امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آج کفار چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ کی وحدت ان کی نظروں میں کھٹکتی ہے۔ حکومت پاکستان اس سارے معاملے کو بھر پور قوت کے ساتھ عالمی سطح پر اٹھائے۔ سفارتی تعلقات کو استعمال کیا جائے۔ محض قرار دادوں کا پاس ہونا کافی نہیں۔ ان سے آگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی فلسطینی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔