اسکول سے باہر بچوں کی بڑی تعداد ایک بہت بڑا مسئلہ ہے،عارف علوی

274

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا ہے کہ سکول سے باہر بچوں کی بڑی تعداد ایک بڑا مسئلہ ہے جس کو تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کی اجتماعی کوششوں سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم اور یونیورسٹی کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے نوجوانوں کو روزگار کے قابل ہنر بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں مہارت پر مبنی کورسز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہنر مند پیشہ ور افراد کی مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو ملک میں گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کے لئے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کے طریقوں کے ذریعے اپنی رسائی کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر نے یونیورسٹی کی انتظامیہ پر زور دیا کہ اس سلسلے میں جدید ترین آئی سی ٹی ٹولز کو مثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔ اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پالیسی کے تحت بڑے پیمانے پر تکنیکی مداخل کے ذریعے اپنے آپریشنز کو تبدیل کیا ہے،اجلاس کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پبلک سیکٹر میں پہلی یونیورسٹی ہے جس نے ایپلی کیشنز کا ایک مربوط خودکار نظام شروع کیا جس نے یونیورسٹی کے تمام تعلیمی، انتظامی اور مالیاتی عمل کو خودکار بنا دیا ہے۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ادارے میں اس وقت 12 لاکھ سے زائد طلبا داخل ہیں جبکہ اب تک 44 لاکھ 30 ہزار سے زائد طلبا مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے ہیں۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات خاص طور پر ادارے کی رسائی اور ڈیجیٹلائزیشن کو بڑھانے جیسے اقدامات کو سراہا۔