غیر ضروری مقدمات کی حوصلہ شکنی کی جائے‘ صدر مملکت

112

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے عام آدمی کو فوری اور مفت انصاف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محتسب محکموں کی بدانتظامی کے خلاف شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید آئی ٹی ذرائع استعمال کرے،فضول قانونی چارہ جوئی کی حوصلہ شکنی کی جائے ، اس سے محکموں اور وفاقی محتسب پر بوجھ بڑھتا ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی محتسب نے صدر مملکت کو سال 2021 ء کے دوران ادارے کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ گزشتہ سال وفاقی محتسب کو 110,398 شکایات موصول ہوئیں ۔ کل شکایات میں سے 106,732 حل کی گئی ، محتسب کے 92.7 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا کہ کل شکایات میں سے 42,000 آن لائن موصول ہوئیں اور ان پر کارروائی کی گئی۔ صدر مملکت کو ملک کے مختلف علاقوں میں شکایات سیل ، علاقائی دفاتر کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شکایات کے ازالے کے جامع سسٹم کے تحت وفاقی حکومت کی 180 مختلف ایجنسیوں کو مربوط کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب ملک کے دور دراز علاقوں تک اپنی رسائی بڑھائے ۔ محتسب محکموں کی بدانتظامی کے خلاف شکایات کے فوری ازالے کیلئے جدید آئی ٹی ٹولز استعمال کرے ۔