جھڈو:منافع خور سرگرم ، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ

272

جھڈو(نمائندہ جسارت)ماہ صیام شروع ہوتے ہی منافع خور سرگرم ہوگئے ۔ پھل، سبزیوں اشیاء خورونوش سمیت ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کو من پسند نرخوں پر فروخت کیاجارہاہے،گرانی کی تازہ لہر کوانتظامیہ کنٹرول کرنے میں مکمل طور ناکام ہو چکی ہے،انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت پر صارفین کا احتجاج فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی تمام اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، سیب 400روپے کینو 220 روپے،چیکو 200 روپے کلو، کیلا چھوٹے سائز کا 180روپے درجن، خربوزہ 150روپے کلو میں فروخت ہورہاہے جبکہ مرغی کا گوشت 480روپے کلو، بکرے کا گوشت 1400 روپے کلو،بیسن میدہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھاگیاہے۔علاوہ ازیں سبزیوں کے نرخ بھی بڑھادیے گئے ہیں گوار، 600 روپے کلو، بھنڈی 300کلو،ٹینڈہ 200 روپے کلو تک فروخت کیے جارہے ہیں،ماہ صیام شروع ہوتے ہی پھل، سبزیوں اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر صارفین کی چیخیں نکل گئی ہیں،مصنوعی گرانی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے انتظامیہ کا وجود دور دور تک نظر نہیں آتا۔