تاجر رمضان میں صارفین کو سہولیات فراہم کریں ،ہارون میمن

347

سکھر (نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں اشیائے خورد و نوش ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے تاجر منافع کم کرکے صارفین کو سہولت فراہم کریں اور رمضان و عید کے لیے استعمال ہونے والے تمام اشیاء کی قیمتیں کم سے کم رکھی جائیں تاکہ غریب لوگ بھی رمضان و عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک نیکیوں کامہینہ ہے ہمیں چاہیے کہ لوگوں کو جس قدر آسانیاں دے سکتے ہیں وہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سستی اشیاء فراہم کرنے کے لیے دکاندار سستے سامان کی فراہمی کے لیے خصوصی اسٹال لگائیں اور اپنی دکانوں پر رعایتی سیل برائے رمضان کے بینر و کارڈز لگاکر اپنی تاجر تنظیم، آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز اور اپنے بازار مارکیٹ شاپنگ سینٹرز و شاپنگ مال کے نام بھی ظاہریں کریں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں لوگوں کے لیے سہولتیں اور آسانیاں پیدا کرنا بھی ایک عظیم نیکی کا کام ہے اور خلق خدا کی خدمت کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانیت کی خدمت کے جذبے سے رمضان سستی میں سستی اشیاء فراہم کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینی چاہئیں۔