عمران خان ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے،شہبازشریف

275
تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے، آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیر، سی پیک کو روکنے، کرپشن میں پاکستان کے 24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نے کر دی ہے، اب گھر جائیں۔

شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے دوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کردیا، عمران صاحب آپ پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کر دیا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ آپ ڈالر کی قیمت 125 سے 180 کرنے آئے تھے، معیشت کی یہ تباہی آپ نے پوری کامیابی سے کر دی ہے۔شہبازشریف نے کہا فارن فنڈنگ کی کالی دولت کی مدد سے جو گند ڈالنے آئے تھے، وہ آپ پھیلا چکے، اس گندگی جو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کی 6 فیصد گروتھ روکنے اور کم ترین 3 فیصد مہنگائی کو تاریخ کی بلند ترین 26 فیصد پر لیجانے کا ایجنڈا پورا کردیا۔ اپنا بنی گالہ کا غیرقانونی محل، حرام دولت حلال کرنے کی سکیمیں دینے آئے تھے، اس میں آپ پوری طرح کامیاب رہے ۔آپ پٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 کرنے آئے تھے ۔آٹا 35 روپے سے 100، چینی 52 سے 130 روپے کلو اور بجلی 11 روپے سے 26 روپے فی یونٹ کرنے آئے تھے، یہ ظلم آپ کر چکے ہیں ۔گیس کی قیمت میں 100 فیصد، دوائی کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ، گھی 140 سے 440 روپے کلو آپ کر چکے ہیں ۔