جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے ایسی ہی بڑھکیں مارتے تھے،وزیر داخلہ

482
اپوزیشن کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان مضبوط ہوئے، وزیر داخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن اور بہتر اور واضح ہو جائے گی، اپوزیشن کا کام ہی وہی ہے جو وہ کررہی ہے، جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے ایسی ہی بڑھکیں مارتے تھے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  عمران خان کہیں نہیں جارہا وہ پانچ سال پورے کرے گا۔ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا تاہم اگر ضرورت پڑی تو گرفتار کریں گے، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا توقانون اس کو ہاتھ میں لے گا، یہ شیخ رشید کی بڑی واضح پالیسی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ  ملک انارکی کی طرف جارہا ہے، ملک کو جمہوریت کی طرف جانا چاہئے ، عدم اعتماد کا فیصلہ ہونا چاہئے ، وزارت داخلہ فیصلہ کرے گی کہ ہمارا اور اپوزیشن کا جلسہ ایک دن اورایک ہی جگہ ہوا تو وزارت داخلہ بہتری کا راستہ نکالے گی کہ کون کس جگہ پر جلسہ کرے۔

 انہوں نے کہاکہ 15تاریخ کے بعد عمران خان کی پوزیشن اور بہتر اور واضح ہو جائے گی، میں23تاریخ کے بعد روز میڈیا کو خبر دیا کروں گا،اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کرنا ہے، 15کے بعد فیصلہ کر لیںگے،21اور22مارچ کو اوآئی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہے اور22سے24مارچ تک ہم نے لوکل چھٹی دی ہے تاکہ باہر سے جو وزراءخارجہ آرہے ہیں ان کی ہم زیادہ نگہداشت اورخدمت کرسکیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادیوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں، انسان کو امتحان کے وقت دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا اللہ بھی اس کو عزت دے گا اورقوم بھی اس کو عزت دے گی، ہم چٹان کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں، سائے کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں،میں نے گذشتہ روز نہ چوہدریوں کا نا م لیا اور نہ (ق)لیگ کا نام لیا، مسئلہ یہ ہے کہ جب میں بات کردوں گا تو وہ بے شک میرے حق میں یا مخالفت میں جاتی ہے تو وہ24گھنٹے چلتی ہے۔