ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا،ادارہ شماریات

209

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) ملک میں 20 اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کی شرح بڑھ کر16.49 فیصد ہوگئی، ہفتہ واربنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد اضافہ ہوا، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کے اعداد و شمارجاری کیے ہیں جس کے تحت حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.52 فیصد بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 16.49 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔حالیہ ہفتے20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ان اشیاء میں کیلے4 روپے 63 پیسے فی درجن، چائے، چاول ، دال مسور، دال چنا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، برائلر مرغی24 روپے 45 پیسے، پیاز3 روپے 80 پیسیفی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ4 روپے60 پیسے، بیف2 روپے 38 پیسے اور مٹن کی قیمت میں 33 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔حالیہ ہفتے میں 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان اشیاء میں ٹماٹر 15روپے 65 پیسے، لہسن14 روپے 17 پیسے فی کلو، انڈے ایک روپے69 پیسے فی درجن، آٹے کا بیس کلو تھیلا 2 روپے 51 پیسے، چینی65 پیسے فی کلو، دال ماش ایک روپے 72 پیسے فی کلو، دال مونگ 65 پیسے فی کلو سستی ہوگئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔