نواز شریف سے علیم خان کی ملاقات، پنجاب میں تبدیلی پر گفتگو

310

لندن/ اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان نے لندن میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ساتھ ساتھ پنجاب کی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ میڈیا رپورٹس اور ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ3 گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں نواز شریف نے علیم خان کو مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا تھا اور آئندہ چند روز میں جہانگیر ترین اور علیم خان کی نواز شریف سے اکٹھے ملاقات بھی متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی مستقبل کے حوالے سے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علیم خان نے 3 سال کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور انتقامی کارروائیوں کے بارے میں بھی نواز شریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب کی گورننس تباہ ہوچکی ہے، میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں، کرپشن عروج پر ہے ایسے میں پنجاب میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ جس پر نواز شریف نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر پنجاب اور مرکز دونوں سے سیاسی گند صاف کریں گے، ذرائع نے بتایا کہ ترین گروپ آئندہ چند دنوں میں بڑا فیصلہ کر سکتا ہے۔ ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے حسین نواز بھی موجود تھے۔