میزائل کا غلطی سے فائر ہو جانے کی بھارتی وضاحت مشکوک ہے، معید یوسف

251

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی سلامتی کے مشیر معیدیوسف نے پاکستان میں 9 مارچ کو میزائل گرنے کی بھارتی وضاحت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک غیرذمہ دار ملک کیسے ایٹمی صلاحیت رکھ سکتا ہے۔معید یوسف نے بھارت کے دفاعی نظام کی کمزوریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ9 مارچ کو ایک انہونا اور خطرناک واقعہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے، ہمیں پر امن رہنے دیا جائے، بھارت سے ایک سپر سانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پاکستان میں گرا، یہ کیسا ملک ہے کہ جس کا میزائل چل گیا اور وہ تین دن بعد وضاحت کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کو اعتماد میں لینے کی بھی توفیق نہیں ہوئی، ہم دنیا کو بار بار بھارت کے ناقص دفاعی نظام کی طرف توجہ دلاتے رہے ہیں۔مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت میں اکثر یورینیم کی خریدوفروخت کے واقعات دنیا کے سامنے آئے ہیں، ایسا غیرذمہ دارملک کیسے ایٹمی صلاحیت رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات خطے سمیت دنیا بھر کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، بھارتی غیر ذمہ داری کی انتہا ہے کہ انہوں نے ایک ایٹمی ملک پر میزائل برسا دیا۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت سنجیدہ واقعہ ہے، دنیا اس معاملے کا فوری نوٹس لے، بھارتی میزائل کا غلطی سے فائر ہو جانے کی بھارتی وضاحت بھی مشکوک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میزائل 40ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں گرا، بھارتی میزائل کا روٹ عالمی فضائی روٹ ہے، اس واقعے کے وقت کمرشل فلائٹس محو پرواز تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے، پاکستان بدقسمتی سے بھارت جیسی ایک بدمعاش ریاست کے ساتھ ڈیل کر رہا ہے۔