حکمران یوکرین سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کیلئے اقدامات کریں، محمد حسین محنتی

575

کراچی : امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے یوکرین میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلباءاور شہریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں نالائقی اور نااہلی کا مظاہرہ کیا ہے۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ خارجہ امور میں ناکامی کی وجہ سے آج ہزاروں شہری تین دن سے جنگ زدہ ملک میں بھوکے اور پیاسے سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں جبکہ ان کے والدین اور اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، حکمران فی الفور یوکرین میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے محفوظ اقدامات کریں۔

ان اپنے ایک بیان میں مزید کہنا تھا کہ متاثرین کے مطابق یوکرین میں موجود سفارتخانوں کے نمبر بند ہیں جبکہ وہاں پر موجود طلباءاور شہریوں کو کسی قسم کی ٹرانسپور ٹ میسر نہیں ہے ۔جس کی وجہ سے لوگ ہزاروں میل کا فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کے پاس خوراک بھی نہیں ،پھنسے ہوئے طالب علم اور شہری سوشل میڈیا پر اپنی لاچارگی اور حکمرانوں کی نااہلی کو عیاں کررہے ہیں لیکن وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دفتر خارجہ کے اہلکار سب اچھا ہے کا بے سرا راگ گانے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں موجود ہزاروں خاندان شدید بے چینی کا شکار ہیں ۔جماعت اسلامی سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ یوکرین کے دارلحکومت کیو میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کیلئے ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں تاکہ یوکرین میں موجود پاکستانی محفوظ اور پاکستان میں ان کے ورثاءسکون کا سانس لے سکیں۔