پشاور: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون

382
پشاور: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون

پشاور: پولیس کی جانب سے رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے، خصوصی کارروائیوں کے تحت نئی حکمت اپناتے ہوئے منشیات سمگلرز اور اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں میں مخصوص گاہک کو آئس اور دیگر منشیات سپلائی کرنے والے افراد سمیت ریلوے ٹریکس اور دیگر جگہوں پر نشئی افراد کو ٹوکن کی شکل میں ہیروئن فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھی گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے،

خصوصی کریک ڈاون کے تحت رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر منشیات کے دھندے میںملوث افراد کے خلاف ڈیڑھ ہزار سے زائد مقدمات درج کئے گئے ہیں جن کے دوران دو ہزار کے قریب ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اسی طرح رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 57 کلو گرام سے زائد آئس، 70 کلو گرام ہیروئن، 274 کلو گرام افیون جبکہ 782 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس برآمد کی گئی ہے، چاروں ڈویژنز میں جاری کریک ڈاون کے لئے ہیومن انٹیلی جنس کو مزید فعال کیا گیا ہے جس کے تحت کریک ڈاون میں کامیابی ملی ہے۔

اسی طرح پشاور پولیس کی جانب سے منشیات کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی اور ان کو معاشرے کے کارآمد شہری بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے دوران رواں سال کے ابتدائی دو ماہ میں467نشئی افراد کو منشیات بحالی مراکز میں داخل کرایا گیا ہے، منشیات بحالی مراکز منتقل کئے جانے والے افراد میں افغان شہریوں سمیت ملتان، سوات، کشمیر، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں کے رہائشی افراد بھی شامل ہیں جو سر راہ منشیات استعمال کرتے تھے۔

منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیوں اور منشیات کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ پشاور پولیس کی جانب سے شہریوں خصوصا طلباء اور نوجوان نسل کو نشے کی تباہ کاریوں سے بچانے اور ان کو نشے سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کرنے کی خاطر بھی خصوصی آگہی مہم جاری ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں سمیت تجارتی مراکز اور بازاروں میں منشیات آگہی واکس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اسی طرح آگہی مہم کے تحت پشاور پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو آئس اور دیگر منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کر کے ان کو نشے سے بچایا جا سکے