پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، چیئرمین اوگرا

494

اسلام آباد: چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے دیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔ چیئرمین نے کہا کہ 12  ہفتے میں تیل کی جو قیمت بڑھی اس کی نظیر نہیں ملتی۔

اجلاس میں سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ گیس اسکیموں پر پابندی ہٹانے پر غور کیا جا رہا ہے، ہمارے 2 ایل این جی کارگو منسوخ ہوئے ہیں، ایک ایل این جی کارگو کا بندوبست کرلیا گیا،  ٹینڈر مہنگا ملا مگر ہم  نے  لے لیا ہے، دوسرے ایل این جی کارگو کا بندوبست نہیں ہوا۔

گیس اسکیموں پر کام نہ ہونے کے باعث مسلم لیگ (ن) کے ممبران برہم ہوگئے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ کیا آنیوالے ہفتوں میں ایل این جی کی قلت کا کوئی خدشہ ہے؟

سوئی ناردرن حکام نے کہا کہ گیس اسکیموں پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد ہے، ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر بھی بہت کم ہوگئی، حکومت 14 روپے پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، جی ایس ٹی صفر ہے۔