عورت مارچ کیلیے کسی صورت اجاز ت نہ دی جائے، ابوالخیر زبیر

258

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ 8 مارچ کو حجاب ڈے کے موقع پر عورت مارچ کے نام پر اسلامی شعائر، معاشرتی اقدار، حیا و پاکدامنی، پردہ و حجاب کا تمسخر اُڑانے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ بظاہر تو عورت مارچ کو حقوق نسواں کے تحفظ کا عنوان دیا جائے گا لیکن اس مارچ کی آڑ میں جس طرح کے بینرز، پلے کارڈز اور نعروں کا اظہار کیا جاتاہے اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید مسئلہ حقوق نسواں سے زیادہ اسلام کی طرف سے دیے گئے نظام معاشرت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نور الحق قادری نے وزیراعظم کو یاد دلایا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور یہاں کی اکثریت اصولی طور پر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کی خواہشمند ہے۔دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعظم اپنے مذہبی امور کے وزیر کے اس مطالبہ پر کیا حکم صادر فرماتے ہیں۔