واٹس ایپ کا ’گروپ چیٹ‘ سے متعلق شاندار فیچر متعارف

677

سان فرانسسكو: پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی مقبول ترین موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپ چیٹ کے حوالے سے ایک بہترین فیچر کو آزمائشی طور پر متعارف کرادیا ہے۔

واٹس ایپ کی خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق نئے فیچر کا نام ‘کمیونیٹیز’ ہے جس کے ذریعے مختلف گروپس کو ایک ساتھ آپریٹ کرنے کی سہولت ہوگی۔ اس اقدام سے ایک ساتھ تمام گروپ کو ہینڈل کرنے میں حائل پریشانی دور ہوجائے گی۔

صارفین کمیونیٹیز فیچر میں ایک سے زائد گروپس کو ایڈ کرسکیں گے جس کے بعد ممکنہ طور پر ایڈمن یا گروپ میں پیغامات بھیجنے کی رسائی رکھنے والے ممبرز بیک وقت تمام گروپس میں میسج کرسکیں گے۔

کمپنی نے اس فیچر پر گزشتہ سال سے کام شروع کیا اور اب اسے آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا ہے نئی سہولت کی تصویر بھی منظر عام پر آچکی ہے۔

خیال رہے کہ چیٹ سے متعلق اس نئے فیچر کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں تاہم امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ سہولت جلد تمام صارفین کو فراہم کردی جائے گی۔